Dec ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • روس کے صدر ولادیمیر پوتین ابو ظہبی پہنچے

روس کے صدر ولادیمیر پوتین متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظہبی پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اسنا کی رپورٹ کے مطابق  ولادیمیرپوتین جیسے ہی ابوظہبی پہنچے تو متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کی "الفرسان" ایکروبیٹک ٹیم کے جیٹ طیاروں نے ابوظہبی کے آسمان کو روسی پرچم کے رنگوں سے رنگ دیا۔

اطلاعات کے مطابق ابو ظہبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد بن سلطان آل نہیان نے روسی صدر کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا۔ اس کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوتین نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے "قصر وطن" محل میں ملاقات کی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زائد آل نہیان سے ملاقات میں روسی صدر نے کہا کہ روس اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کو عرب دنیا میں روس کا ایک اہم تجارتی شریک قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زائد آل نہیان 2024 کے موسم خزاں میں "کازان" میں ہونے والے برکس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ولادیمیر پوتین نے کہا کہ آپ اور میں مسلسل رابطے میں ہیں اور ہمارے ساتھی مسلسل ایک دوسرے کے ساتھ کام کر رہے ہیں نیز درحقیقت متحدہ عرب امارات عرب دنیا میں روس کا اہم تجارتی شریک ہے۔

 

ٹیگس