Jan ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • جنوبی افریقہ کے بعد میکسیکو اور چلی نے بھی اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرلیا

میکسیکو اور چلی نے غاصب اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ غزہ پٹی میں اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کرے۔

سحر نیوز/ دنیا: میکسیکو سٹی سے یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق  میکسیکو اور چلی نے عالمی عدالت انصاف (آئی سی سی) سے کہا ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کے تحت غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے جرائم کے ارتکاب کی تحقیقات کرے۔ میکسیکو کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا کہ "آج میکسیکو اور چلی نے فلسطین کی صورت حال پر عالمی عدالت انصاف (آئی سی سی) کی توجہ مبذول کراتے ہوئے اپنے دائرہ اختیار میں جرائم کے ممکنہ ارتکاب کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔"

میکسیکو کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ میکسیکو اور چلی کی جانب سے یہ اقدام تازہ تشدد اور جنگی کارروائیوں میں اضافے، خاص طور پر شہری ٹھکانوں پر بمباری کے، پیش نظر عالمی عدالت کے دائرہ اختیار کے تحت جرائم کے مبینہ مسلسل ارتکاب، خاص طور پر 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے بعد سے بڑھتی ہوئی تشویش کی وجہ سے کیا ہے۔

چلی اور میکسیکو کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ "آئی سی سی کی مداخلت اقوام متحدہ کی ان رپورٹوں کی روشنی میں خاص اہمیت رکھتی ہے جن میں بڑے پیمانے پر ایسے واقعات کی تفصیل دی گئی ہے جو آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں جرائم شمار ہوسکتے ہیں۔"

واضح رہے کہ اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف شکایت کی تھی۔ اپنی عرضی میں جنوبی افریقہ کے نمائندوں نے عالمی عدالت انصاف پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیل کو غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائی ختم کرنے کا پابند کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ غزہ کے باشندوں کو خوراک، پانی اور انسانی امداد تک رسائی حاصل ہو اور ایسے اقدامات سے پرہیز کیا جائے جن سے غزہ کی پٹی میں انسانی حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

 

ٹیگس