Mar ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • غزہ جنگ: خواتین بھی جنگ کا نمایاں ہدف، 9 ہزار خواتین کا بے دردی سے قتل، اقوام متحدہ کی دل دہلا دینے والی رپورٹ

اقوام متحدہ نے غزہ جنگ کے بارے میں ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کے حملوں میں 9 ہزار خواتین کا بے دردی سے قتل کیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے خواتین سے متعلق ادارے (یو این ویمین) نے غزہ جنگ کے بارے میں ایک دل دہلا دینے والی رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "خواتین بھی غزہ جنگ کا نمایاں ہدف ہیں جو روزانہ اس کے تباہ کن اثرات جھیل رہیں ہیں۔" اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ جنگ میں گزشتہ 5 مہینے کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی جارحیت میں کم سے کم 9 ہزار خواتین کو بڑی بے دردی سے قتل کردیا گیا۔

"یو این ویمین" ادارے کا کہنا ہے اگرچہ اس جنگ میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے لیکن خواتین اس سے غیرمعمولی طور پر متاثر ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے اس ادارے نے غزہ میں حال ہی میں ایک سروے کرایا تھا جس میں شریک 84 فی صد خواتین نے بتایا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ کی خوراک آدھی یا اس سے بھی کم رہ گئی ہے۔ 90 فی صد خواتین نے بتایا کہ مردوں کے مقابلے میں ان کے لئے خوراک تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔

سروے میں شریک اکثر خواتین نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ان کے گھر میں کم سے کم ایک فرد کو فاقہ کرنا پڑا اور 95 فی صد واقعات میں ماؤں کو بھوکا رہنا پڑا جو اپنے بچوں کی خاطر روزانہ کم سے کم ایک وقت کا کھانا چھوڑنے پر مجبور ہوئیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں روزانہ 63 خواتین شہید ہورہی ہیں جن میں تقریبا 37 مائیں ہوتی ہیں جس سے ان کے خاندان تباہ ہو جاتے ہیں اور ان کے بچوں کی حفاظت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔

 

ٹیگس