Mar ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • کیا روس نیٹو سے جنگ  نہیں چاہتا ؟

روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے کہا ہے کہ یہ دعوی بے بنیاد ہے کہ وہ نیٹو سے جنگ کرنا چاہتے ہيں۔

سحرنیوز/ دنیا: ارنا نے رپورٹ دی ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے روسی فضائیہ کے ہوابازوں سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ یہ دعوی بے بنیاد ہے کہ وہ نیٹو سے جنگ کرنا چاہتے ہيں۔ انھوں نے کہا کہ روسی فیڈریشن کے دفاعی اخراجات کے پیش نظر کیا ہم نیٹو سے لڑنے کا ارادہ کر سکتے ہيں؟ یہ پوری طرح بکواس ہے ۔

روسی صدر نے کہا کہ روس کو نیٹو سے نہيں لڑنا ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ ماسکو کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے اور ماسکو چاہتا ہے کہ لوگوں کی ان کی تاریخی سرزمین پر حفاظت کرے۔

ولادیمیر پوتین کا کہنا تھا کہ روس کسی طرح کے جارحانہ عزائم نہیں رکھتا اور وہ یوکرین میں فوجی آپریشن ہرگز شروع نہ کرتا اگر وہاں بغاوت نہ ہوئی ہوتی اور پھر بغاوت کے بعد دونباس میں فوجی کارروائی نہ ہوئی ہوتی ۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس وقت ایک خصوصی فوجی آپریشن میں کیا کررہے ہيں ؟ ہم صرف اپنے عوام کی حفاظت کر رہے ہيں جو اپنی تاریخی سرزمین پر زندگی گذار رہے ہيں ۔

روسی صدر کے یہ بیانات ایسے میں سامنے آئے ہيں کہ یوکرین کے وزیرخارجہ دیمتروکولبا نے بدھ کو کہا تھا کہ ایف سولہ جنگی طیارے آئندہ مہینوں میں حملہ کرسکتے ہيں ۔

یوکرین کی فضائیہ کے ترجمان یوری اینہات نے بھی گذشتہ مہینے کہا تھا کہ یوکرینی پائلٹوں نے امریکہ کے، ایف سولہ جنگی طیاروں سے پرواز کرنا شروع کردیا ہے اور وہ اپنے اہداف پر حملے کی مشقیں کر رہے ہيں۔ ماسکو نے انتباہ دیا ہے کہ یوکرین کو ایف سولہ جنگی طیارے دینا روس کے خلاف ایٹمی دھمکی شمار ہوتا ہے۔

امریکی وزارت جنگ پنٹاگون کے ترجمان پاتریک رایدر نے گذشتہ ہفتے کی ایف کی جانب سے ایف سولہ جنگی طیاروں کے استعمال کے ریڈ لائن ہونے کے سلسلے میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ یوکرین صرف اپنے دفاع کے لئے ایف سولہ جنگی طیاروں سے استفادہ کرسکتا ہے۔

ٹیگس