یوکرین کا جنگی سازوسامان اور میزائلوں کا ذخیرہ ختم ہو رہا ہے: یوکرینی صدر
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی کانگریس میں یوکرین کے لئے بڑی فوجی امداد کا بل جلد منظور کر لیا جائے گا ۔
سحر نیوز/ دنیا: یوکرین کے صدر زیلنسکی نے اپنے ملک کے ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ روسی فوج کے حملے اگر اسی شدت کے ساتھ جاری رہتے ہیں تو یوکرین کا جنگی سازوسامان اور میزائلوں کا ذخیرہ ختم ہو جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں امریکہ کی جانب سے بڑے فوجی امدادی پیکج اور امریکی کانگریس میں اس کی منظوری کا انتظار ہے جو کہ اب تک روکی ہوئی ہے۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی کانگریس میں یوکرین کے لئے بڑی فوجی امداد کا بل جلد منظور کر لیا جائے گا ورنہ یوکرینی فوج روسی فوج کے مقابلے میں پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو جائے گی۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے خبردار کیا کہ اگر امریکی حمایت جاری نہ رہی تو رفتہ رفتہ یوکرین کے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوں گے اور پسپائی روکنے کے لئے کوئی راستہ تلاش کئے جانے کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا یوکرین کے جوائنٹ چيف آف آرمی اسٹاف نے کہا ہے کہ جنگی مورچوں پر روسی فوجیوں کی تعداد یوکرینی فوجیوں کے مقابلے میں چھے گنا زیادہ ہے۔ دوسری جانب جرمن چانسلر نے مغربی ملکوں سے یوکرین کی فوجی امداد جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اولاف شولٹس نے کہا ہے کہ یوکرین کی حمایت جاری رکھ کر ہی یورپی ملکوں کو سیکورٹی فراہم کی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ روس اور نیٹو کے درمیان بڑھتی کشیدگی روکنے کا واحد ذریعہ یہ ہے کہ یوکرین کی دفاع کی پوزیشن کو مضبوط بنا دیا جائے۔
جرمن چانسلر اولاف شولٹس نے کہا کہ یوکرین میں جنگ اسی صورت میں ختم ہو سکتی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین یوکرین سے اپنے ملک کے فوجیوں کو واپس بلا لیں۔انھوں نے کہا کہ ان کا ملک اب تک یوکرین کی اٹھائیس ارب یورو کی فوجی مدد کر چکا ہے اور یورپی ملکوں کا فوجی بجٹ بڑھا کر ہی یوکرین کو دفاع جاری رکھنے اور قیام امن کی کوششوں پر کاربند رکھا جا سکتا ہے۔
ادھر لیتھونیا کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک کی ایف کے لئے تین ہزار ڈرون طیارے خریدے گا جبکہ سولہ ملین ڈالر یوکرینی فوج کی تقویت سے مخصوص کئے جائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ان کے ملک نے یوکرین کی تعمیرنو میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب تک تقریبا چھے ملین ڈالر فوجی تربیت اور تیرہ ملین دیگر یوکرین کے سابق فوجیوں کی مدد، اسکولوں کی تعمیر نو اور پناہ گاہیں قائم کرنے کے لئے مخصوص کئے گئے ہیں۔
یوکرین کے خلاف روسی فوج کی کارروائی کے آغاز کے بعد سے لیتھوانیا نے کی ایف کو اب تک دس لاکھ سے زائد ڈرون طیارے فراہم کئے ہیں اور حال ہی میں اس نے جمہوریہ چیک کی کوششوں سے توپ کے گولوں کی خریداری کے لئے اڑتیس ملین ڈالر کی مدد کی ہے۔