Sep ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں مظاہرے

دنیا کے مختلف ممالک کے عوام نے غزہ پٹی میں مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی پر احتجاج کرتے ہوئے مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں ۔

سحرنیوز/دنیا: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں فلسطینیوں کے حقوق کے حامیوں اور امن پسندوں نے غزہ پٹی میں ہونے والے تازہ ترین قتل عام کے بعد برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ مظاہرین نے غاصب صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے ہولناک قتل عام کی حمایت جاری رکھنے کی برطانوی حکومت کی پالیسی کو شرمناک قرار دیا۔

مظاہرین نے فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لگائے اور فلسطینیوں کا قتل عام اور نسل کشی بند کرنے پر تاکید کی۔ اسی طرح اسٹریلیا کے شہر ملبورن میں فلسطینی عوام کی حمایت میں ہونے والے مظاہرے مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہے۔

اسٹریلیا میں انسانی حقوق کے لئے سرگرم شخصیات نے فلسطینیوں کی حمایت میں ملبورن میں تین دن کے مظاہروں کا پروگرام بنایا ہے۔ ملبورن میں ہونے والے مظاہروں میں اب تک سیکڑوں افراد شریک ہوچکے ہيں۔ منگل کو بھی اسٹریلیا میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے ہوئے تھے۔

ان مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ بھی ہوگئی تھی اور دسیوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ فرانس کے عوام بھی اس ملک کے شہر تولوز میں غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاجی مظاہرے ‏کر رہے ہيں۔ فرانسیسی مظاہرین ، احتجاجی اجتماع اور دھرنے کے دوران اپنے ہاتھوں میں فلسیطنی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور صیہونیوں کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے تھے۔

 

ٹیگس