اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا یمن پر امریکہ کے فضائی حملوں پر تشویش کا اظہار
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے سترہ اور اٹھارہ اپریل کو یمن پر ہونے والے امریکی فضائی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: یمن کی وزارت صحت کے مطابق یمن پر امریکہ کے سترہ اور اٹھارہ اپریل کے حملوں میں 80 افراد شہید اور 150 زخمی ہوگئے تھے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ان حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو راس عیسیٰ کی بندرگاہ پر امریکی بمباری کی وجہ سے بحیرہ احمر میں تیل کے رساؤ کے امکان پر گہری تشویش ہے۔ دوجاریک نے انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی جانوں کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا کہ جن میں سے پانچ حالیہ فضائی حملوں میں زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یمنی فوج سے امریکی اور اسرائیلی بحری جہازوں پر حملے بند کرنے اور تمام فریقوں سے تناؤ کم کرنے اور ان میں شدت نہ لانے کا بھی مطالبہ کیا۔