Jul ۲۵, ۲۰۲۵ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • اسرا‏‏ئیل میں عوام کی بغاوت، نتن یاہو کے خلاف زبردست مظاہرے، مظاہرین نے ہاتھوں میں بھوکے فلسطینی بچوں کی تصاویر اٹھا ئیں

تل ابیب اور حیفا میں ہزاروں صہیونیوں نے نتن یاہو کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کیا۔

سحرنیوز/دنیا: موصولہ رپورٹ کے مطابق، اسرائیل میں نتن یاہو کی حکومت کے خلاف عوامی مظاہروں کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہزاروں افراد نے تل ابیب کے حابیمہ اسکوائر اور ملحقہ سڑکوں پر غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بھوکے فلسطینی بچوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

مظاہرین میں سے کچھ نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کو غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی کا مرتکب قرار دیا گیا تھا، جبکہ بعض نے اسرائیلی فوجیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جنگ میں شرکت سے انکار کریں۔

ادھر حیفا میں جنگ مخالف مظاہرے کے دوران پولیس نے 24 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس اہلکاروں نے مظاہرہ شروع ہونے کے چند ہی منٹ بعد احتجاجی بینرز پھاڑ دیئے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے متعدد مظاہرین کو زمین پر گرا کر ہتھکڑیاں لگائیں اور زبردستی پولیس وین میں ڈال دیا۔

غزہ میں نسل کشی اور غذائی قلت پر نتن یاہو کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ مبصرین کے مطابق نتن یاہو غزہ کی جنگ کو اپنی ذاتی سیاسی بقا کے لیے طول دے رہے ہیں تاکہ بدعنوانی کے مقدمات سے توجہ ہٹائی جاسکے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ریٹائرڈ جنرل اسحاق بریگ نے اسرائیل کی فوجی کمزوری اور جنگی ناکامیوں کا برملا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، غزہ میں حماس کے خلاف جاری اپنی مہم میں اسٹریٹجک طور پر شکست کھا چکا ہے۔

ٹیگس