ہندوستانی حکومت نے پاکستانی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق حکومت ہندوستان کا یہ اعلان پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کے اعلان کے چند روز کے بعد سامنے آيا ہے۔ ہندوستان کے اعلان کے مطابق یہ پابندی 30 اپریل سے23 مئی تک جاری رہے گی۔ پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری پر پابندی کے اثرات ہندوستان کے مقابلے میں کم پڑنے کا امکان ہے، کیونکہ صرف پاکستان کی قومی ایئر لائن ہی کوالالمپور جانے والی پروازوں سمیت بعض مخصوص راستوں کے لیے ہندوستانی فضائی حدود استعمال کرتی ہے۔
پاکستان نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ اس کے پاس ایسی مصدقہ اطلاعات موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان آئندہ چند دنوں میں فوجی آپریشن کا ارادہ رکھتا ہے۔ کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف اقدامات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جن میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی بھی شامل ہے۔
22 اپریل 2025 کو ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر ضلع پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد، جس میں 26 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے تھے، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے۔