نئی دہلی، ایرانی جیالوں کو خراج تحسین
نئي دہلی میں متعین دیگر ملکوں کے سفیروں، سفارتکاروں اور بین الاقوامی اداروں کے مندوبین اور اسی طرح ہندوستانی شخصیات نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے میں حاضر ہو کر صیہونی حکومت کے حملوں میں ایرانی شہریوں کی شہادت پر تعزیت اور ایران سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: نئي دہلی سے ہمارے نمائںدے نے خبردی ہے کہ نئی دہلی میں متعین ایشیائي یورپی، افریقی اور لاطینی امریکا کے ملکوں کے سفیروں اور اسی طرح عالمی اداروں کے مندوبین نے ایرانی سفارتخانے میں پہنچ کر ایران کے سفیر سے ملاقات کی اور صیہونی حکومت کے حملوں میں ایران کے عام شہریوں ایٹمی سائنسدانوں اور ایرانی کمانڈروں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ۔
دہلی میں متعین غیر ملکی سفارتکاروں اور عالمی اداروں کے مندوبین نے سفارتخانے میں تعزیتی رجسٹر پر اپنے تاثرات بھی قلم بند کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام سے اپنے اپنے ملکوں کےعوام اور حکومت کی جانب سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر ہندوستان کی اہم سیاسی اور سماجی و مذہبی شخصیات نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی شہریوں اور شخصیات و کمانڈروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔