Oct ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۲:۲۷ Asia/Tehran
  • افغانستان میں ہندوستانی سفارت خانہ چار سال کے بعد دوبارہ کُھل گیا

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہندوستان کا سفارت خانہ دوبارہ کُھل ل گیا ہے۔ کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ چار سال کے بعد فعال ہوا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان نے  کہا  ہے کہ کابل میں اس کے سفارتی مشن کو باضابطہ طور پر سفارت خانے کی مکمل حیثیت سے بحال کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد افغانستان کی ترقی کے اقدامات میں اپنا تعاون بڑھانا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل میں ہندوستان کا سفارت خانہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کا سبب بنے گا۔

افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ہندوستان کے حالیہ دورے کے بعد کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ دوبارہ کھولا گیا ہے۔ امیر خان متقی کے دورۂ ہندوستان کے دوران کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ دوبارہ کھولے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس دورے کے دوران ہی یہ طے پایا تھا کہ ہندوستان کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو سفارت خانے کا درجہ دے گا۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستان کابل میں اپنے سفارت خانے کے سربراہ کو ناظم الامور(چارج ڈی افیئرز) کے طور پر مقرر کرے گا اور بعدازاں سفیر کی تقرری کی جائے گی جبکہ طالبان حکومت نومبرمیں اپنے دو سفارت کاروں کو دہلی میں اپنے سفارت خانے بھیجے گی۔

واضح رہے کہ ہندوستانی حکومت نے تاحال طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔ ہندوستان نے اگست 2021 میں افغانستان  کا اقتدار طالبان کے ہاتھ میں آنے کے بعد کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا تاہم جون 2022 میں سیکورٹی یقین دہانیوں کے بعد ایک تکنیکی مشن فعال کر دیا تھا۔

 

 

ٹیگس