ایران کی مسلح افواج کے سربراہ اور پاکستانی فضائیہ کے کمانڈر کی ملاقات
ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل محمد باقری نے پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابرسے ملاقات میں سیلاب سے متاثرین کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
تہران میں پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سے بات چیت کرتے ہوئے جنرل محمد باقری نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایران کی جانب سے ہر ممکن امداد کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی پاکستان کی حکومت اس مشکل پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
ایرانی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان دفاعی میدان میں تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی دفاعی پیداوار پر عالمی پابندیاں ایک سال پہلے ختم ہوچکی ہیں، اس لئے تہران اور اسلام آباد میں دفاعی تعاون میں توسیع کی راہ میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔
جنرل باقری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ پیشرفت کی جانب گامزن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے اعلی فوجی افسران دونوں ملکوں کے تعلقات کو آگے بڑھانے میں خصوصی کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت اسلام آباد تہران کے ساتھ تعلقات اور تعاون کے فروغ کی خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان دیرینہ مذہبی اور ثقافتی رشتے پائے جاتے ہیں اور یقیناً ہماری مسلح افواج کے درمیان رابطوں سے دونوں ملکوں کے سیاسی اور سفارتی تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر اپنے ایرانی ہم منصب ایئر مارشل حمید واحدی کی دعوت پر ان دنوں تہران کے دورے پر ہیں۔