ایران اور عمان نے غزہ پر صیہونی جارحیت بند کرانے کے لئے بین الاقوامی اداروں کی مداخلت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونی گفتگو میں فلسطین کے مظلوم عوام، بالخصوص غزہ کی پٹی میں، نسل کش صیہونی حکومت کی مزید جارحیت بند کرانے کے لیے عالمی برادری کی فوری اور مؤثر مداخلت کی ضرورت پر زور دیا۔
سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور بدر بن حمد البوسیدی نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ اور غیر انسانی اقدامات، خاص طور سے شفا اسپتال کے محاصرے، اس کے مریضوں اور طبی عملے کے افراد کے قتل کی مذمت کی۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، ان حملوں میں اب تک 32 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 74 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ عالمی برادری کی شدید مذمت اور مخالفت کے باوجود غاصب و ناجائز صیہونی حکومت اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
حسین امیرعبداللہیان اور بدر بن حمد البوسیدی نے ٹیلی فونی گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان فروغ پذیر تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو جاری رکھنے اور اس کو مستحکم رکھنے کے لیے دونوں ملکوں کے عزم و ارادے پر بھی زور دیا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی عشروں کے دوران ایران اور عمان کے تعلقات ہمیشہ باہمی احترام اور مفادات پر مبنی رہے ہیں۔