Jul ۱۵, ۲۰۲۴ ۲۱:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران کیوں کر رہا ہے فلسطینیوں کی حمایت؟ نو منتخب صدر نے بتائی اسکی اصل وجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر نے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت کو اسلامی تعلیمات، انسانی اور اخلاقی اصولوں نیز حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات پر استوار قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں غاصب صیہونی حکومت کے تازہ وحشیانہ جرائم کی سخت مذمت کی۔انھوں نے کہا کہ اس قسم کے جرائم کا ارتکاب بے گناہ فلسطینی عوام کا قتل عام جاری رکھنے کے صیہونی عزائم کی عکاسی کرتا ہے اور ان جرائم کا مقصد فلسطینیوں کی استقامت کو کچلنا ہے لیکن اس کا یہ ہدف خدا کے فضل سے کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔

ایران کے منتخب صدر نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت اسلامی تعلیمات، انسانی اور اخلاقی اصولوں، نیز اسلامی جمہوریہ ایران  کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی رہنمائیوں اور ہدایات پر استوار ہے۔   انھوں نے کہا کہ میری حکومت مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام  کے مرکزی موضوع کی حیثیت سے اپنی ترجیحات میں قرار دے گی ۔

ایران کے نو منتخب صدر نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ سبھی اسلامی اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ مل کر اور ان کے تعاون سے غزہ کی جنگ اور مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام بند کرانے کے لئے سبھی سیاسی اور سفارتی راستوں سے کام لیں۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس کے بعد ہم سرزمین فلسطین پر طویل عرصے سے جاری ناجائز قبضہ ختم کرانے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ ہے کہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ، فلسطینی عوام ہی کرسکتے ہیں اور اس حقیقت کو نظرانداز کرکے جو راستہ اور فارمولا بھی اپنایا جائے گا وہ ناکام ہوگا۔

 

ٹیگس