لبنان غاصب صیہونی حکومت کے لئے جھنم میں بدل جائے گا: علی باقری کنی
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے خبردار کیا ہے کہ لبنان یقینی طور پر صیہونیوں کے لیے ایسا جہنم ثابت ہو گا کہ جہاں سے وہ واپسی نہیں کر پائے گا۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے ذرائع کے مطابق ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے منگل کی شام روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "صیہونی غزہ میں ہونے والی شکستوں کی تلافی علاقائی سطح پر دوسرے علاقوں میں جنگی جنون کو وسعت دے کر نہیں کر سکتے"۔ انھوں نے کہا کہ اگر صیہونی حکومت نے غزہ جنگ کو وسعت دینے کی کوشش کی تو وہ ایسے دلدل میں پھنسے گا کہ جہاں سے باہر نکلنا اسکے لئے نا ممکن ہو گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے اسرائیل اور لبنان کی حزب اللہ کے درمیان کشیدگی اور اسرائیلی حکومت کے دعووں کے ساتھ ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے ردعمل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا: "یہ تجربے سے ثابت ہوچکا ہے کہ صیہونی جتنا زیادہ خطے میں کشیدگی پیدا کرتے ہیں اور جتنے مزید جرائم کرتے ہیں تو وہ خود کو مزید سنگین خطرات اور دلدل میں دھنسا دیتے ہیں۔"
باقری نے تاکید کی: "لبنان نے 2000 اور 2006 دونوں جنگوں میں، صیہونیوں کو تاریخی شکست دی ہے"۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایک بار پھر صیہونی حکومت نے کوئی غلطی کی تو یہ یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ لبنان صہیونیوں کے لیے ایسا جہنم بنے گا کہ جہاں سے وہ کبھی واپسی نہیں کر پائے گا۔