صیہونیوں کے گھناؤنے جرائم کے مقابلے فلسطینی عوام اور مجاہدین کی شدید مزاحمت قابل فخر: صدر ایران ڈاکٹر پزشکیان
ایران کے نئے صدر نے صیہونیوں کے گھناؤنے جرائم کے مقابلے میں فلسطینی عوام اور مجاہدین کی شدید مزاحمت کو قابل فخر قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ صیہونیوں کے گھناؤنے جرائم کے سامنے فلسطینی عوام اور مجاہدین کی شدید مزاحمت قابل فخر ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ مزاحمت عوام کی فتح، فلسطینی سرزمین کی آزادی اور صیہونی حکومت کی تباہی پر منتج ہوگی۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے منگل تیس جولائی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
نئے ایرانی صدر نے اس ملاقات میں کہا کہ ایرانی عوام نے ہمیشہ صیہونی حکومت کے جرائم اور جارحیت سے نفرت اور مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ فلسطینی عوام کی مزاحمت غزہ کے عوام کی حتمی فتح، فلسطینی سرزمین کی آزادی اور صیہونی حکومت کی تباہی پر منتج ہوگی۔ اس ملاقات میں اسماعیل ہنیہ نے فلسطین اور غزہ کے بارے میں کہا کہ آج فلسطینی مزاحمت طاغوت کے نظام کے خلاف فرنٹ لائن میں کھڑی ہے اور دشمن اس فرنٹ لائن کو توڑنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ وہ اپنی پالیسیوں سے خطے پر حکمرانی کر سکے۔
حماس کے سیاسی پولٹ بیورو کے سربراہ نے صیہونی حکومت کے زوال کے یقینی قرار دیا اور کہا کہ ایران کے آپریشن وعدہ صادق کے دوران بیس سے زائد ممالک نے صیہونی حکومت کی حمایت کی کوشش کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی ایک اسٹریٹجک بحران سے دوچار ہیں اور مزاحمتی محاذ کے لیے امت اسلامیہ کی حمایت کے تسلسل اور مضبوطی نے صیہونی حکومت کے ستونوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسی طرح فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ سے ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ فلسطینی قوم سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے دفاع اور بیت المقدس کی آزادی کے مقصد کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیاں حکومتوں کی تبدیلی سے تبدیل نہیں ہوں گی کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے مطالبات اور ان کے امنگوں کی بھرپور حمایت جاری رہے گی اور کوئی بھی عنصر اس سلسلے میں ہماری قوت ارادی کی راہ میں مانع نہيں بن سکتا-
اس ملاقات میں فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی حیثیت سے آپ کی سرگرمیوں کے ابتدائی دنوں میں فلسطین کی مزاحمتی جماعتوں کے قائدین سے آپ کی ملاقات خطے اور دنیا کے لیے ایک اہم پیغام ہے، کہا کہ غزہ کے مظلوم باشندے آج تسلط پسندانہ نظام کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہيں ایسے میں مزاحمت کی حمایت میں ایران کی آواز اور موقف، ان کے جذبہ مزاحمت اور استحکام کو برقرار رکھنے میں بہت زیادہ موثر ہے- زیاد النخالہ نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام ایران کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔