Aug ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • اسرائیل کا مقصد تمام اسلامی ملکوں کو نقصان پہنچانا ہے: ایران

ایران کے قائم مقام وزيرخارجہ نے پاکستان کے وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کا مقصد تمام اسلامی ملکوں کو نقصان پہنچانا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام وزیرخارجہ علی باقری کنی نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات و گفتگو کی ۔

علی باقری کنی نے اسحاق ڈار سے ملاقات میں ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت اور قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے تہران کی حمایت کو سراہا۔

ایران کے قائم مقام وزیرخارجہ نے کہا کہ خوش قسمتی سے ہم مشاہدہ کر رہے ہيں کہ عالمی رائے عامہ بالخصوص عالم اسلام یک زبان ہو کر صیہونیوں کی مذمت کر رہا ہے۔ علی باقری نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کا وجود شر ہے اور اس کا مقصد صرف فلسطین نہيں بلکہ پوری مسلم امہ کو نقصان پہنچانا ہے۔

اس ملاقات میں پاکستان کے وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام و حکومت کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، ایران کی حمایت کے لئے سلامتی کونسل میں اپنی رکنیت سے استفادہ کرے گا اور جنرل اسمبلی کا اجلاس بھی صیہونی حکومت کی جارحیتوں کے خلاف ملکوں کی حمایت حاصل کرنے اور صلاح و مشورے کے لئے اچھا موقع ہے۔

انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کا موقف بہت عاقلانہ ہے اور اسلامی جمہوریہ اس طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کا کافی تجربہ رکھتا ہے ۔

ٹیگس