فلسطین اور لبنان میں نسل کشی مجرمانہ استثنیٰ کا نتیجہ ہے: ایران
ایران کے نائب صدر نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں فلسطین اور لبنان میں نسل کشی کو مجرمانہ استثنیٰ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ریاض میں اسلامی تعاون تنظیم کے غیر معمولی اجلاس میں ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے اس اجلاس کے انعقاد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید یحییٰ سنوار سمیت استقامتی محاذ کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ ہم اس قتل عام کی مذمت کرتے ہیں اور مظلوم فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت پر زور دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ظلم و جارحیت اور ناانصافی سے لا تعلقی بے حسی کا سبب بنتی ہے اور بےعملی ایک قسم کی اخلاقی غفلت ہے جو مجرموں کو مزید جری اور گستاخ بناتی ہے۔
ایران کے نائب صدر نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری اور اخلاقی فرض ہے کہ گزشتہ صدی سے باقی رہنے والی بدترین برائیوں میں سے ایک یعنی نسل کشی، زبردستی بے گھر کرنے اور فلسطین پر خونریز قبضے کے سامنے خاموش نہ رہیں۔
محمد رضا عارف نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے مقبوضہ فلسطین اور لبنان میں جو شرمناک جارحیت جاری ہے وہ نہ صرف ایک نسل پرست قابض حکومت کی خونریزی و سفاکیت بلکہ امریکہ اور کئی دیگر مغربی حکومتوں کی ہمہ جانبہ حمایت کا نتیجہ ہے۔