ایام فاطمیہ کے موقع پر پورے ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں مجلس و ماتم کا سلسلہ جاری، لبنان میں جنگ سے تباہ شدہ عمارتوں میں بھی شہزادی کونین کی عزاداری
شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور پچھلے کئی دنوں سے ہی ایران کی فضا سوگوار و عزادار ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے ہمارے نمائندوں نے رپورٹ دی ہے کہ ایام فاطمیہ اور شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے مساجد و امام بارگاہوں میں مجالس عزا برپا ہورہی ہیں۔ اس سلسلے کی مرکزی مجالس کا اہتمام مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں کیا گیا ہے۔
ایران اور دنیاکے گوشہ وکنار میں تیرہ جمادی الاول سے جو ایک روایت کے مطابق شہزادی کی تاریخ شہادت ہے ایام فاطمیہ کی مجالس کا آغاز ہو جاتا ہے اور تین جمادی الثانی تک جو کہ دیگر روایتوں کے مطابق شہزادی کونین کی تاریخ شہادت ہے یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔
شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شہادت کے موقع پر مشہد اور قم میں مقدس روضوں اور اسی طرح مساجد اور امام بارگاہوں کو سیاہ پوش کردیا گیا ہے۔
پاکستان، ہندوستان، عراق اور لبنان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ایام فاطمیہ کی مجالس جاری رہیں اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا کے فضائل و مصائب بیان کررہے ہیں۔ لبنان میں جنگ سے متاثر لوگ اپنی تباہ شدہ عمارتوں اور ٹوٹے ہوئے گھروں میں شہزادی کونین کی شہادت کے موقع پر عزاداری کر رہے ہیں۔
اس موقع پر عراق کے بھی مقدس شہروں نجف اشرف ، کربلائے معلی ، کاظمین اور سامرا میں زائرین و سوگواروں کی بڑی تعداد موجود ہے اور دختررسول حضرت زہرا (س) کی مصیبتوں پر ماتم کررہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا بیس جمادی الثانی بعثت کے پانچویں سال مکہ مکرمہ میں اس دنیا میں تشریف لائیں اور سرکار دوعالم کی آغوش میں پرورش پائی اور اعلی الہی تعلیمات کی حامل بنیں۔ شہزادی کونین علوم الہی کے سرچشمے سے سیراب ہوئی تھیں اور آپ خداوندعالم کی مقربین میں سے تھیں۔ حکام وقت کے بے پناہ مظالم کی وجہ سے ایک روایت کے مطابق تیرہ جمادی الاول گیارہ ہجری قمری اور ایک روایت کے مطابق تین جمادی الثانی گیارہ ہجری قمری کو صرف اٹھارہ سال کی عمر میں شہید ہوگئیں۔
سحر عالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام سامعین،ناظرین اور آپ کے چاہنے والوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔