یمن پر امریکہ، برطانیہ اور صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یمن کے صوبہ صنعا، الحدیدہ اور عمران پر امریکی، برطانوی اور صیہونی فضائیہ کے مشترکہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
سحرنیوز/ایران: ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکہ اور اس کے برطانوی اور صیہونی اتحادیوں نے جمعے کو یمن پر اس وقت حملہ کیا جب، اس ملک کے عوام، ملت فلسطین کی حمایت اور غزہ میں نسل کشی کے خلاف احتجاجی اجتماع میں شریک تھے۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ سب پر واضح ہوچکا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں نسل کشی کی حمایت میں کس حد تک گر چکے ہیں۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ یمن پر امریکہ اور صیہونیوں کے حملے عالمی اداروں کی خاموشی کی آڑ میں انجام پا رہے ہیں تاہم ان حرکتوں سے غزہ میں صیہونیوں کے مظالم اور انسانیت سوز جرائم سے توجہ ہٹانا ناممکن ہے اور ان اقدامات کو بدستور عالمی قوانین اور انسانی اور اخلاقی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جائے گا۔