Jan ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۸:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے درمیان مضبوط رابطے اور تعاون یقینی طور پر دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنا دے گا: صدر پزشکیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر تاجکستان کے دورے کے بعد روس گئے جہاں ایران و روس کے درمیان جامع اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط ہوئے اور صدر مملکت نے اپنے روسی ہم منصب سمیت مختلف اعلی عہدہ داروں سے ملاقات و گفتگو کی۔

سحر نیوز/ ایران:  اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں کہا: "ایران اور روس کے تعلقات حساس، اہم اور اسٹریٹجک ہیں اور ہم اس راستے پر مضبوطی سے کھڑے ہیں۔"صدر مسعود پزشکیان نے جمعہ کی سہ پہر کریملن ہاوس میں روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ملاقات میں کہا: "یہ رہبر انقلاب کا نقطہ نظر اور ان کی سفارش ہے کہ خطے کا نظم و نسق علاقائی حکومتوں کے ذریعے چلایا جانا چاہیے اور اس بات کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ دنیا کے دوسرے کونے سے کچھ طاقتیں آئیں ، علاقے کا نظام خراب کریں اور اپنی پالیسیاں نافذ کریں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے زور دیا کہ "ایران اور روس کے درمیان رابطے اور تعاون یقینی طور پر ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دے گا"۔ صدر مسعود پزشکیان نے روس کے صدر کو رہبر انقلاب کی طرف سے خصوصی سلام پیش کرتے ہوئے تہران و ماسکو کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی پر زور دیا اور کہا: خوش قسمتی سے ایران اور روس کے درمیان علاقائی اور دو طرفہ تعلقات میں بہتری آرہی ہے اور یہ تعلقات تمام شعبوں میں مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ "دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ جامع اسٹریٹجک معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا: "اس معاہدے پر دستخط کرکے، ہم سلامتی، ثقافت اور تجارت کے تمام شعبوں میں اپنے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔"

روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بھی اس ملاقات کے دوران زور دیا: "روس اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ دو طرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں مدد دے گا اور ہمیں تمام جہتوں میں تعلقات کو متنوع بنانے کا موقع ملے گا"۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے روس کے ساتھ جامع تعاون معاہدے پر دستخط کے بعد کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جامع تعاون کے جس معاہدے پر دستخط ہوئے، اس سے ایران و روس کے درمیان خاص طور پر معاشی میدان میں تعاون میں نئے باب کا آغاز ہوگا۔صدر پزشکیان نے ماسکو دورے کے موقع پر روسی وزیر اعظم میخائل میشوستین سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں توسیع کی اسلامی جمہوریہ ایران کی خواہش پر زور دیتے ہوئے کہا: آج معاہدے پر دستخط، دونوں ملکوں کے تعلقات میں نیا موڑ ہوگا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان تعاون فریقین کی کامیابی ہے اور یہ دشمنوں کو مایوس کر سکتا ہے جو خطے کے امن و سلامتی کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ماسکو کے اپنے سرکاری دورے کے آخری پروگرام کے طور پر جمعے کی شام روسی تاجروں اور صنعت کاروں کے ایک گروپ سے ملاقات میں مزید کہا: "ایران روس جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط سے ایران اور روس کے لیے ایک روڈ میپ بن گیا جس کے تناظر میں ایران و روس مناسب طریقے سے سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایران اور روس کے صدور مسعود پزشکیان اور ولادیمیر پوتین نے جمعہ 18 جنوری 2024 کو کریملن ہاوس میں ایک تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ جامع اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کیے۔ایک تمہید اور 47 شقوں پر مشتمل اس معاہدے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ماسکو کے سرکاری دورے کے دوران پزشکیان اور پوتین نے دستخط کیے۔ 

ٹیگس