Feb ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۶ Asia/Tehran
  • عالمی استکبار کے خلاف پاکستانی عوام کا موقف قابل تحسین ہے: ایران

ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ٹرمپ کے متنازعہ بیانات کے بعد غزہ کے حالات اورامریکی و صہیونی عزائم کے بارے میں مختلف ممالک کے اعلی حکام اور اسلامی ممالک کی اہم شخصیات سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، بالخصوص غزہ میں فلسطینی عوام کی حالت زار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ عالمی استکبار کے خلاف پاکستانی عوام کا موقف قابل تحسین ہے۔ مسلمان اقوام کو مشکل گھڑی میں فلسطینیوں کا ساتھ دینا چاہئے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے  کہا کہ فلسطینیوں کے بارے میں صدر ٹرمپ کے بیانات قابل مذمت ہیں۔ عالمی برادری مخصوصا امت مسلمہ کو فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنا چاہئے۔

پاکستانی وزیرخارجہ نے غزہ کے شہریوں کو بے گھر کرنے کی تجویز کو غیر منصفانہ اور انتہائی پریشان کن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی سرزمین فلسطینی عوام کی ہے، اور اس مسئلے کا واحد قابلِ عمل اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔

اس موقع پر پاکستان نے مسئلہ فلسطین پر اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس