Apr ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران نے کی پاکستانی شہریوں پر

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی جس میں آٹھ پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔

سحرنیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی جس میں آٹھ پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے اس دہشت گردانہ کارروائی اور معصوم لوگوں کے قتل کو تمام اسلامی اور انسانی اصولوں سے متصادم ایک مجرمانہ فعل قرار دیا۔

بقائی نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے متعلقہ سیکورٹی اور عدالتی حکام اس جرم کے مرتکب عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے تمام قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے، قومی اور علاقائی سطح پر اس مذموم رجحان کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس میدان میں تعاون  کو مضبوط بنانے کے لیے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔

ادھر اسلام آباد میں ایران کے سفارت خانے نے اس "بزدلانہ اور غیر انسانی حملے" کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں آٹھ پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

اتوار کو سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی پورے خطے کے لیے ایک مشترکہ خطرہ ہے جہاں بین الاقوامی دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے "غدار عناصر" امن اور سلامتی کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔

یہ آٹھ پاکستانی شہری مبینہ طور پر ہفتے کے روز اس وقت جاں بحق ہوئے جب نامعلوم مسلح افراد نے ایک ورکشاپ پر حملہ کیا جہاں وہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے ایک گاؤں میں کام کر رہے تھے۔

 

ٹیگس