یورینیئم افزودگی کا عمل کسی قیمت پر نہیں رکے گا؛ ایران کے نائب وزیر خارجہ
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم نے یورینیم افزودگی روکنے کا کوئی منصوبہ بھی نہیں بنایا ہے۔
سحرنیوز/ایران: غیر ملکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے کہا کہ امریکہ نے 21 جون کو ایران کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچایا، جوکہ کھلی جارحیت تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران مزید جوابی کارروائی کرے گا، تو تختروانچی نے کہا کہ جب تک امریکہ کی طرف سے ہمارے خلاف کوئی نئی جارحیت نہ ہو، ہم دوبارہ جواب نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سفارتکاری اور بات چیت کے حامی ہیں۔ لیکن امریکی حکومت کو ہمیں قائل کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات کے دوران فوجی طاقت کا استعمال نہیں کرے گی۔ یہ ایک بنیادی شرط ہے تاکہ ہماری قیادت آئندہ مذاکرات کے بارے میں فیصلہ کرسکے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران افزودگی جاری رکھے گا، تو تختروانچی نے واضح کیا کہ یورینیم افزودگی سے متعلق ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو ایٹمی عدم پھیلاؤ معاہدے کے تحت اپنی سرزمین پر افزودگی کا مکمل حق حاصل ہے۔ ہمیں صرف اس بات کا خیال رکھنا ہے کہ ہم اسے عسکری مقاصد کے لیے استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایران دوسرے ممالک کے ساتھ اس بات پر بات چیت کے لیے تیار ہے کہ یورینیم افزودگی کی حد، دائرہ کار اور صلاحیت کتنی ہو۔