شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس؛ ایرانی وزیر خارجہ چین روانہ
چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے ایران کے وزیر خارجہ چين گئے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ اس اجلاس میں شرکت کے لئے ایک وفد کے ہمراہ چین گئے ہیں جہاں وہ اجلاس سے خطاب کرنے کے علاوہ چین کے وزیر خارجہ اور اس اجلاس میں شریک دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ اسی طرح پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی اس اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق اجلاس کی سائیڈ لائن پر اسحاق ڈار کی ایس سی او کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ اس دوران ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جو اجلاس میں شرکت کے لئے چین کے دورے پر ہیں آج چین کے نائب صدر ہان ژینگ سے ملاقات کی۔
ایس جے شنکر کے اس دورے کو اہم مانا جا رہا ہے، کیونکہ دو ہزار بیس میں مشرقی لداخ میں لائن آف کنٹرول پر تعطل کے بعد یہ چین کا ان کا پہلا دورہ ہے- یہاں دیئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہندوستان اور چین کے درمیان تعلقات کا معمول پر آنا ضروری ہے۔