ایران کی طرف سے پڑوسی ممالک افغانستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی پر اظہار تشویش
ایران نے پڑوسی ممالک افغانستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی پر ایک بار پھر اظہار تشویش کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سے پریس بریفنگ کے دوران جب اسلام آباد کابل کشیدگی میں ایران کے کردار کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر بڑی تشویش ہے، کیونکہ پہلے تو یہ کہ دونوں ممالک کے ساتھ ہماری ثقافتی، تاریخی اور مذہبی قربتیں ہیں اور دوسرے یہ کہ ہماری سرحدیں مشترک ہیں، دونوں ممالک ہمارے ہمسایہ ہیں اور ہمارے گرد ونواح کی سرحدوں پر کسی بھی قسم کی بدامنی یقیناً ہماری قومی سلامتی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ انہیں دو باتوں کے پیش نظر پہلے دن سے ہی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی اور افغان حکام سے رابطے کر کے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو حل کرنے کے لیے ہر قسم کی مدد کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم دونوں فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ڈاکٹر لاریجانی کے حالیہ دورہ پاکستان میں بھی یہ موضوع اٹھایا گیا ہے، افغان حکام سے بھی گفتگو ہوئی ہے ہم اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ ہم خطے میں موجود صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کشیدگی کا حل کیسے تلاش کر سکتے ہیں؟
ہمیں فالو کریں:
Followus: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel