ای سی او اجلاس میں ایران کے مجوزہ دو روزہ فارمولے کا خیرمقدم
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i458964-ای_سی_او_اجلاس_میں_ایران_کے_مجوزہ_دو_روزہ_فارمولے_کا_خیرمقدم
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچـی نے بتایا ہے کہ ای سی او کے اراکین نے ایران کے دو روزہ فارمولے کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ فارمولہ جنگ کے خاتمے پر منتج ہوگا۔
(last modified 2026-11-16T12:33:11+00:00 )
Nov ۱۶, ۲۰۲۶ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • ای سی او اجلاس میں ایران کے مجوزہ دو روزہ فارمولے کا خیرمقدم

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچـی نے بتایا ہے کہ ای سی او کے اراکین نے ایران کے دو روزہ فارمولے کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ فارمولہ جنگ کے خاتمے پر منتج ہوگا۔

سحرنیو/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے  وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد، صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اجلاس  کے ایجنڈے  میں مختلف موضوعات شامل تھے۔

انھوں نے بتایا کہ اجلاس میں غزہ کی صورتحال اور عوام کے المناک مسائل کا، جو صیہونی حکومت نے پیدا کئے ہیں، خصوصیت کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔

 ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام کی خاموش نسل کشی جاری ہے۔ صیہونی حکومت دوائیں، پینے کا صاف پانی اور کھانے کی اشیاء غزہ میں نہیں پہنچنے دے رہی ہے اور اسی کے ساتھ شدید بارشوں اور سیلاب نے بھی عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اسلام آباد اجلاس میں شریک وفود نے غزہ میں فوری طورپر بین الاقوامی امداد رسانی اور فلسطینی عوام کی مشکلات دور کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہمارے علاقے کی موجودہ صورتحال پر اجلاس میں شریک وفود نے بہت اچھے طرزعمل کا مظاہرہ کیا اور ایران کے دو روزہ فارمولے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ فارمولا جنگ کے مکمل خاتمے پر منتج ہوگا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ای سی او کے رکن ممالک نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مجوزہ فارمولے کی حمایت کی۔  

سید عباس عراقچی نے بتایا کہ اسلام آباد اجلاس میں، مستقبل کے بارے میں سبھی اراکین کے نظریات پر غورکیا گیا اور توانائی کے تعاون، قابل تجدید توانائی (رینیو ایبل انرجی ) اور اجلاس کے ایجنڈے میں شامل سبھی مسائل کا بغور جائزہ لیا گیا۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel