پوری دنیا میں حماس کے رہنماؤں کو قتل کرنے کا اسرائیلی منصوبہ
ایسی اطلاعات ملی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ اسرائیل پوری دنیا میں حماس کے رہنماؤں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ایسے حالات میں کہ غاصب اسرائیلی حکومت نے عارضی جنگ بندی میں چار دن، دو دن اور ایک دن کی ایک ہفتے کی توسیع کے بعد مزید توسیع قبول نہ کرتے ہوئے جمعہ یکم دسمبر سے غزہ پر صیہونی فوج کے حملوں کا وحشیانہ سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا ہے، اسی درمیان غاصب اسرائیل دنیا بھر میں حماس کے رہنماؤں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق غاصب اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامن نیتن یاہو نے مبینہ طور پر انٹیلی جینس ایجنسیوں کو حماس کے رہنماؤں کو تلاش کرکے قتل کرنے کا حکم دیا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل، ڈبلیو ایس جے، کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے انٹیلی جینس ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ نہ صرف غزہ بلکہ پوری دنیا میں جہاں بھی ہوں حماس کے رہنماؤں کو تلاش کرکے قتل کریں۔
اس حکم کے بعد اسرائیلی خفیہ ایجنسیاں اس حکم کی تعمیل کے منصوبے پر کام کر رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خفیہ ایجنسیوں کا یہ کام مکمل ہونے میں ایک سال تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ ڈبلیو ایس جے کی رپورٹ میں صیہونی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انٹیلی جینس ایجنسیاں ترکیہ، لبنان اور قطر میں صیہونی وزیر اعظم کے حکم پر عمل درآمد کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
ڈبلیو ایس جے لکھتا ہے کہ نیتن یاہو نے انٹیلی جینس افسران سے کہا ہے کہ وہ یہ کام خفیہ طور پر انجام دیں تاہم 22 نومبر کو نیتن یاہو نے عوامی سطح پر کچھ ایسا ہی کہا تھا۔ نیتن یاہو نے بتایا کہ انہوں نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کو حماس کے رہنماؤں کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا۔