تل ابیب میں نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ، زبردست نعرہ بازی
غاصب اسرائیلی قیدیوں کے گھروالوں نے تل ابیب میں صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ کیا ہے اور زبردست نعرہ بازی بھی کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی استقامتی محاذ کے ذریعہ قیدی بنائے گئے صیہونیوں کے اہل خانہ نے جمعرات کی شام کو تل ابیب میں صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا اور ان کے اور دیگر صیہونی حکام کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے نیتن یاہو سے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے نیتن یاہو حکومت پر قیدیوں کی رہائی کے لئے دباؤ ڈالے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے تحریک حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے صہیونی قیدیوں کے اہل خانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج کے جرائم کا تسلسل آپ کے عزیزوں کی واپسی کا باعث نہیں بنے گا۔
قابل ذکر ہے کہ صہیونی اخبار "ہاآرٹص" نے اس سے ابھی حال ہی میں صہیونی قیدیوں کی صورت حال کے بارے میں اپنی ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ رہائی پانے والے قیدی حماس پر تنقید کرنے سے زیادہ کابینہ (نیتن یاہو) کی پالیسیوں کی شکایت کرتے ہیں۔