Dec ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • عراق و شام میں امریکی فوجی اڈوں پر یکے بعد دیگرے تابڑ توڑ حملے

میڈيا ذرائع نے عراق کے صوبے الانبار میں واقع امریکی چھاؤنی عین الاسد اور شام میں العمرآئل فیلڈ پرحملوں کی خبر دی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: میڈيا ذرائع نے عراق کے صوبے الانبار میں واقع امریکی چھاؤنی عین الاسد پر چند گھنٹوں کے اندر دوسری مرتبہ حملے کی خبر دی ہے۔ دوسرا حملہ ایسے میں انجام پایا ہے کہ کچھ گھنٹہ قبل باخبر ذرائع نے عین الاسد پر ایک راکٹ حملے کی خبر دی تھی۔ ابھی تک ان حملوں اور دھماکوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کےبارے میں کوئی اطلاع موصول نہيں ہوئی ہے-

اسی دوران شام میں بھی العمرآئل فیلڈ میں غاصب امریکی فوج کے اڈے کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

پیر کی سہ پہر کو بھی خبر رساں ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ شام کے صوبہ الحسکہ کے الشدادی شہر میں امریکی فوجی اڈے میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

عراق کی اسلامی مزاحمت نے الشدادی بیس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ حملہ غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں کیا گیا ہے۔

گذشتہ چند دنوں میں عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈے، عراق کی اسلامی مزاحمتی تنظیم کے ڈرون، راکٹ اور میزائل حملوں کا نشانہ بنے ہیں-

فلسطین بالخصوص غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف اسرائیلی حکومت کے جرائم اور وحشیانہ حملوں اور ان حملوں میں واشنگٹن کی حمایت کے بعد عراق کی اسلامی مزاحمت نے امریکہ کو خبردار کیا تھا کہ وہ خطے میں امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بنائے گی-

 

 

ٹیگس