صیہونی اخبار ہاآرتص: مسٹر نیتن یاہو، "مسٹر شِکست"!
صیہونی اخبار ہاآرتص نے لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم غزہ اور لبنان کے درمیان تنازعات میں اور حکومت کے اہداف کو حاصل کرنے اور یہاں تک کہ مقبوضہ علاقوں میں اقتصادی بحران سے نمٹنے میں بھی ناکام رہے ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: صہیونی اخبار روزنامہ ہاآرتص نے ایک رپورٹ میں غاصب اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کو مختلف شعبوں میں ناکام قرار دیتے ہوئے "مسٹر شکست" کا خطاب دیا ہے اور لکھا ہے کہ غزہ جنگ کو 100 دن گزرنے کے بعد اسرائیلی کابینہ کی ترجیح اسرائیلی قیدیوں کی رہائی ہونی چاہیے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لئے جنگ بندی یا پھر فلسطینی قیدیوں کے ساتھ تبادلے پر بھی اتفاق کر لینا چاہئے۔
صیہونی اخبار ہاآرتص نے لکھا ہے کہ غزہ میں فوج کی ناکامی کی وجہ فوجی سربراہ اور ان کے ماتحت افسران کی کارکردگی ہے جس سے سیاسی سطح پر بھی اور بین الاقوامی سفارتی سطح پر بھی ان کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے۔ داخلی اعتماد کے فقدان اور بین الاقوامی سفارتی پوزیشن کے زوال کے سائے میں نیز ایک ناکام اور مکار سربراہ والی نااہل کابینہ کے ساتھ جنگ کے اہداف کو مکمل طور پر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
اس صہیونی اخبار نے مزید لکھا ہے کہ لبنان کی سرحد پر متعدد اسرائیلی بستیاں تباہ ہو چکی ہیں اور دسیوں ہزار اسرائیلی بے گھر ہو گئے ہیں لیکن کابینہ نے انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔
ہاآرتص لکھتا ہے کہ نیتن یاہو اسرائیلیوں کی سیکورٹی میں ناکامی کے ذمہ دار ہیں اور وہ اپنے اتحاد کو باقی رکھنے کے لیے اسرائیلیوں اور آنے والی نسلوں کی زندگیوں کو تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔