بحیرۂ احمر میں امریکہ اور برطانیہ کے مزید 2 جہازوں پر حملہ
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بحیرۂ احمر میں ایک امریکی جہاز اور ایک برطانوی جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے اعلان کیا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور یمن پر امریکی اور برطانوی جارحیت کے جواب میں یمنی بحریہ نے بحیرۂ احمر میں دو فوجی آپریشن انجام دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے آپریشن میں ہم نے امریکی جہاز"اسٹارنیشیاStar Nasia " کو نشانہ بنایا اور دوسری کارروائی میں برطانوی جہاز "مارننگ ٹائیڈMorning Tide " کو نشانہ بنایا۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ یمن اور اس کے عوام کے جائز دفاع کے دائرے میں ہم بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عرب میں امریکی اور برطانوی اہداف کے خلاف مزید فوجی کارروائیاں انجام دیں گے۔
یحییٰ سریع نے کہا کہ غزہ کے محاصرے کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت بند ہونے تک ہم بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عمان میں اسرائیلی بحری جہازوں اور اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے بحری جہازوں کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔