عراقی استقامت کا غاصب صیہونی حکومت کے فوجی اڈے پر ایک اور بڑا حملہ
عراق کی اسلامی استقامت نے مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی اڈے پر ایک اور حملہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا نے عراق کی اسلامی استقامت کے جنگی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اس گروہ کے بیان میں آیا ہے کہ غاصب صیہونی فوج کے اسپیِر نامی فوجی اڈے کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گيا ہے۔
عراق کی اسلامی استقامت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں آیا ہے کہ صیہونی حکومت قبضے کے خلاف کارروائیوں اور غزہ کے فلسطینیوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اور صیہونیوں کے ہاتھوں عام فلسطینی شہریوں کے قتل عام کے خلاف جوابی کارروائی کے طور پر ہمارے مجاہدین نے ڈرون کے ذریعے ایلات میں واقع غاصب اسرائیلی فوج کے ایئربیس پر حملہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران مقبوضہ سرزمین میں ہونے والا یہ چوتھا حملہ ہے۔
اس سے پہلے مقبوضہ جولان میں یاردن ، مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقے میں واقع یوہنتن اور ایلات بندرگاہ میں واقع اسرائیل کے ایک ایئربیس کو عراق کی اسلامی استقامت نے اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
عراق کی استقامتی تحریک سات اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک دو سو بار سے زائد صیہونی فوجی اڈوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنا چکی ہے۔