Sep ۱۸, ۲۰۲۴ ۲۲:۳۰ Asia/Tehran
  • حزب اللہ اور عراقی مزاحمتی فورس نے دہشتگرد اسرائیلی فوج پر کیا حملہ

حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں اس نے صیہونی حکومت کے توپ خانے کے ٹھکانے کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔ اسی طرح عراق کی اسلامی مزاحمتی فورس نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ میں فلسطینی عوام کی حمایت میں مقبوضہ حیفہ میں ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے ایک بیان جاری کر کے یہ خبر دی ہے کہ لبنانی مزاحمتی مجاہدین نے "نفیہ ضیف" میں صیہونی حکومت کے توپ خانے کے ٹھکانے کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا۔ حزب اللہ کے بیان کے مطابق یہ کارروائی غزہ کی پٹی میں ثابت قدم فلسطینی قوم کی حمایت اور غزہ کی بہادر اور باوقار مزاحمت کی حمایت کے ساتھ ساتھ جنوبی لبنان کے دیہاتوں اور قصبوں خاص طور پر "مجدل سلام" اور "بلیدہ" پر دہشتگرد صیہونی حکومت کے ذریعے کی گئی جارحیت کے جواب میں کیا گیا ہے۔

اس دوران عراق کی اسلامی مزاحمتی فورس نے بدھ کی شب ایک بیان میں مزاحمت اور فلسطینی عوام کی حمایت میں صیہونی مخالف آپریشن کا اعلان کیا جس کے دوران اس تحریک کے ڈرون حملے سے حیفہ کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا گیا۔ عراق کی مزاحمتی فورس کے بیان میں کہا گیا ہےکہ غاصب اور قابض کا مقابلہ کرنے اور غزہ میں اپنے بھائیوں کی حمایت کے ساتھ ساتھ غاصب حکومت کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف کیے جانے والے جرائم کے جواب میں ہمارے مجاہدین نے ڈرونز کے ذریعے مقبوضہ علاقوں میں واقع حیفہ میں ایک دہشتگرد اسرائیلی فوج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔

 

ٹیگس