سید حسن نصرالله کی شہادت کے باوجود ہم میدان میں موجود ہیں اور اس جنگ کے فاتح ہیں: حزب اللہ کے نائب سربراہ
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ امریکہ صہیونی حکومت کی ھمہ جانبہ حمایت اور اس کی مدد کر رہا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے سید حسن نصرالله کی شہادت کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ میں آپ کو اپنی زندگی کے انتہائی تکلیف دہ لمحات میں بیان کر رہا ہوں اس لئے کہ ہم نے ایک پیارے انسان، ایک بھائی اور شفیق باپ کو کھو دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل لبنان کے تمام علاقوں میں قتل عام کر رہا ہے۔ یہ عام شہریوں، صحت کی تنظیموں، الرسالہ سکاؤٹس، بچوں، خواتین اور بوڑھوں پر حملہ کر رہا ہے جو اپنے گھروں میں مقیم ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ امریکہ صہیونی حکومت کی ھمہ جانبہ حمایت اور اس کی مدد کر رہا ہے اور اس قتل عام میں اس کے ساتھ ہے۔
حزب اللہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ سید حسن نصراللہ نے اپنے پاس جو کچھ تھا خدا کی راہ میں دے دیا، وہ مجاہدین سے محبت کرتے تھے اور وہ فلسطین کی آزادی کے عاشق تھے۔
انہوں نے کہا کہ سید حسن نصراللہ کی شہادت کے باوجود حزب اللہ کی کارروائیوں میں کمی نہیں آئے گی۔ حزب اللہ کی جانب سے حیفا پر ایک میزائل فائر کرنے سے دس لاکھ صہیونی پناہ گاہوں میں چھپ گئے۔
شیخ نعیم قاسم نے صہیونی حکومت کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ کے ساتھ حزب اللہ کے 20 کمانڈروں کے اجلاس کی خبر بے بنیاد ہے۔
حزب اللہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ کے جانشین اور دیگر کمانڈروں کی فہرست بنائی جا رہی ہے۔ ہم سب میدان میں موجود ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ صہیونی فوج کی لبنان کی سرحدوں میں داخل ہونے کی صورت میں حزب اللہ کے جوان ان کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل تیار ہیں۔ صہیونی حکومت ہماری طاقت کو ختم نہیں کرسکتی ہے۔ یہ جنگ طویل اور آپشنز زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2006 کی جنگ کی طرح اس مرتبہ بھی ہم ہی میدان کے فاتح ہوں گے۔
حزب اللہ کے نائب سربراہ نے اپنے کمانڈروں اور سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر عباس نیلفروشان کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید حسن نصراللہ امام خمینی(رح) اور رہبر انقلاب اسلامی کے حقیقی پیروکار تھے۔