بیروت پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت جاری مزید 83 افراد شہید و زخمی
خبری ذرائع نے جمعرات کی صبح بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صہیونی فوج کے جنگی طیاروں نے جمعرات کی علی الصبح بیروت کے جنوبی مضافات میں واقع علاقے حارہ حریک پر تین بار بمباری کی ہے۔ یہ حملہ صیہونی حکومت نے حارہ حریک کے علاقے کے مکینوں کو اس علاقے کی تین عمارتیں چھوڑنے کے لیے خبردار کرنے کے بعد کیا ہے، کچھ گھنٹہ قبل لبنانی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ صیہونی حکومت کے ڈرون، بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں اور اس کے اطراف میں کم اونچائی پر گشت کر رہے ہیں۔
یہ بھی اطلاع ہے کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے شہر صور میں واقع البص کیمپ میں ایک رہائشی مکان پر حملہ کیا ۔
دوسری جانب بدھ کی شب جنوبی لبنان کے کئی قصبوں پر اسرائیل کے دیگر حملوں میں تین امدادی کارکنوں سمیت پندرہ افراد شہید اور اڑسٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔
لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ لبنان پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے آغاز سے اب تک تین ہزار پانچ سو اٹھاون لبنانی شہید اور پندرہ ہزار ایک سو تیئیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔