فلسطینی مزاحمت کا صیہونی کالونیوں پر حملہ
فلسطینی مزاحمت نے غزہ پٹی میں صیہونی فوج کے ہاتھوں تیس فلسطینی شہریوں کی شہادت کے جواب میں صیہونی کالونیوں پر حملہ کیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کے مطابق پیر کی صبح سے اب تک غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کی بمباری میں کم سے کم تیس فلسطینی شہید ہو گئے جن میں سے پندرہ لوگوں کا تعلق شمالی غزہ سے تھا۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں تیس فلسطینیوں کی شہادت کی اطلاع دیتے ہوئے غزہ کے طبی ذرائع نے بتایا ہےکہ یہ سب فلسطنیی صیہونی فوج کی بمباری میں شہید ہوئے اور ان میں سے پندرہ شہداء شمالی غزہ پٹی میں تھے ۔ غزہ کی جنگ کے آغاز کو چار سو اکیاون دن پورے ہو رہے ہيں اور غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے آئے دن کے حملے جاری ہے جن کے دوران ہر روز دسیوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو رہے ہیں۔ در ایں اثنا فلسطینی ذرائع نے غزہ پٹی میں شدید بارش کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دیر البلح اور خان یونس کے المواصی میں پناہ گزينوں کے ٹینٹ غرق ہو گئے جس کی وجہ سے پناہ گزینوں کی صورت حال بے حد افسوس ناک ہو گئی ہے۔ دوسری طرف فلسطینی مزاحمت نے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں صیہونی جرائم کا جواب دیتے ہوئے صیہونیوں کالونیوں سدیروت اور " نیر عام" اور دیگر کئی کالونیوں پر میزائل حملے کئے ہیں۔ صیہونی فوج نے بھی اعتراف کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کی طرف سے تین میزائل، سدیروت صیہونی کالونی پر فائر کئے گئے ہيں ۔ اسرائیلی ٹی وی چینل بارہ کے رپورٹر نے بھی بتایا ہےکہ یہ میزائل شمالی غزہ پٹی کے بیت حانون سے فائر کئے گئے تھے جہاں اس وقت صیہونی فوجی اور صیہونی فوج کے ساز و سامان موجود ہیں۔اسی طرح صیہونی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ کے اطراف سے کیبوتس نیریم صیہونی کالونی پر فلسطینی مزاحمت کے میزائل فائر کئے گئے جس سے نقصان بھی ہوا ہے۔