انصار اللہ کے سربراہ نے بتایا کیسے امریکا اور دہشت گرد اسرائیل کو دی جا سکتی ہے شکست؟ بہت آسان ہے طریقہ بس مضبوط ارادہ کی ہے ضرورت!
انصاراللہ یمن کے رہبر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکی و اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ ایک اہم حربہ ہے، کہا ہے کہ ہمارے دشمن ملکوں کی دولت و ثروت کی غارتگری اور اقوام سے اپنی مصنوعات کے بازار کی حیثیت سے استفادہ کررہے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کے مطابق رہبر انصاراللہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے آچ سید حسین بدرالدین الحوثی المعروف شہید قرآن کی شہادت کی برسی پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ہمارے دشمن ملکوں کے خلاف اقتصادی پابندیوں کے حربے سے کام لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پابندیاں ہمارے لئے اقتصادی بنیادیں محکم کرنے اور اندرونی پیداوار بڑھانے نیز خودکفالت کے حصول کا اہم ترین محرک ہیں۔
رہبر انصاراللہ یمن نے کہا کہ گیارہ ستمبر کے واقعے کے بعد امریکا نے اس واقعے کو بہانہ بناکر مسلمان ملکوں پر وسیع یلغار اور امت اسلامیہ پر اپنا تسلط جمانے کے لئے وسیع پیمانے پر جارحیت شروع کی۔ انھوں نے کہا کہ امریکا نے اس وسیع جارحیت ميں امت اسلامیہ کا تشخص ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ اس وقت یمن سمیت کئی مسلم ملکوں کی حکومتوں نے امریکا کی قیادت میں نام نہاد دہشت گردی مخالف اتحاد کے لئے اپنے دروازے کھول دیئے۔ انھوں نے کہا کہ امریکا نے اس صورت حال سے فائدہ اٹھا کر یمن میں بھی اپنا رسوخ بڑھا دیا۔ اس وقت یمنی شخصیات اور سیاسی جماعتیں کمزور تھیں لیکن شہید قران نے خطرات کا اداراک اور اپنی دینی ذمہ داری کا احساس کیا اور اٹھ کھڑے ہوئے۔
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ ہمارے دشمن امت اسلامیہ کو گمراہ اور اس کو بدعنوانی میں مبتلا کرنے کی فکر میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فرزندان امت کی ایک بڑی تعداد امریکا اور اسرائیل کے اقدامات کو اس نقطہ نگاہ سے دیکھتی ہے کہ گویا یہ ایک وقتی موقف اور محدود ردعمل ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارے دشمن امت اسلامیہ کے لئے ایک انتہائی خطرناک اور تخریبی صیہونی پروجکٹ پر عمل کررہے ہیں۔