کیا ٹرمپ نتن یاہو کو نظرانداز کر غزہ میں جنگ بندی کا اعلان کرنے جا رہے ہیں؟
صہیونی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر آئندہ چند دنوں کے دوران غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا اعلان کرسکتے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق، غزہ میں جاری جنگ کو روکنے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں قابل توجہ پیش رفت ہوئی ہے اور امکان ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بذات خود اس معاہدے کا اعلان کریں گے۔ صہیونی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی مذاکراتی وفد آج (پیر) قاہرہ روانہ ہوسکتا ہے۔ مصری دارالحکومت سے موصول ہونے والی اطلاعات مذاکراتی عمل میں مثبت پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ایجنسی معا نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں بھی قیدیوں کے تبادلے سے متعلق مثبت خبریں سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان ایک نیا معاہدہ زیرِ غور ہے جس کے تحت دو ماہ کی جنگ بندی کے بدلے میں 10 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی عمل میں آسکتی ہے۔ ابھی تک دونوں فریقین نے اس مجوزہ معاہدے کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی، تاہم علاقائی اور بین الاقوامی سفارتی حلقوں میں اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔