Oct ۲۱, ۲۰۲۵ ۱۲:۰۴ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی حکومت غزہ  کی تعمیر نو کے اخراجات برداشت کرے: حماس

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی غزہ کی تباہی کے ذمہ دار ہیں لہذا انہیں غزہ کی تعمیر نوکے لئے رقم ادا کرنی چاہئے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سینیئر رکن موسیٰ ابو مرزوق نے ایک انٹرویو میں کہا ہے ہے کہ غاصب صیہونی غزہ کی پٹی کی تباہی کے ذمہ دار ہیں اور انہیں  ہی اس علاقے کی تعمیر نو کے اخراجات برداشت کرنے ہوں گے۔

ابو مرزوق نے اسپتنک خبر رساں ایجنسی کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ "غزہ کی پٹی کی  تعمیر نو 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینی شہریوں کا واجب حق ہے جو اپنے گھروں اور ذرائع آمدنی سے محروم ہو چکے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "سلامتی کونسل کی قرارداد میں غزہ کی پٹی کی تعمیر نو پر زور دیا گیا ہے اور چونکہ غاصب صیہونی اس علاقے کی تباہی اور بربادی کے ذمہ دار ہیں اس لئےانہیں اس کی تعمیر نو کے اخراجات پورے طور پر ادا کرنے ہوں گے۔"

 ابو مرزوق نے کہا کہا  کہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو فوری اور مکمل طور پر کی جانی چاہیے اور اس میں تمام شعبے، خاص طور پر بنیادی ڈھانچہ، صحت، سڑکیں، بجلی گھر اور پانی کی فراہمی کا نیٹ ورک شامل ہونا چاہیے۔

بین الاقوامی اندازوں سے پتہ چلتا ہے کہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لئے 50 سے 80 ارب ڈالر کی رقم درکار ہوگی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کی نگرانی میں تعمیر نو کے عمل کے لئےمالی اعانت  کریں، جبکہ عرب لیگ اور مصر تعمیر نو کا ایک جامع منصوبہ تیار کر رہے ہیں جسے بین الاقوامی اور یورپی حمایت حاصل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ7 اکتوبر 2023 کو  غاصب اسرائیلی حکومت نے دو اہم اہداف کے ساتھ غزہ کی پٹی کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا، تحریک حماس کو ختم کرنا اور صیہونی قیدیوں کی واپسی  لیکن وہ ان مقاصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اسے قیدیوں کے تبادلے کے لئےحماس تحریک کے ساتھ معاہدہ کرنا پڑا۔

 

ٹیگس