Apr ۱۸, ۲۰۲۳ ۰۶:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستان بڑی خوشی اور امید سے تہران ریاض تعلقات میں مثبت تبدیلی کا نظارہ کر رہا ہے: شہباز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے مابین وفود کے تبادلوں کو علاقے کے لئے صلح و آشتی اور امید کا باعث قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: گزشتہ شب اسلام آباد میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی میزبانی میں اسلامی ممالک کے سفیروں کے اعزار میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم نے ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی ملاقات اور دونوں ممالک کے مابین باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات کی بحالی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران و سعودی عرب کے وفود کا ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کی جانب سفر درحقیقت علاقے کے لئے صلح و آشتی اور امید کی نوید سناتا ہے۔

(وزیر اعظم شہباز شریف کا افطار پارٹی سے خطاب، ویڈیو: پی ٹی وی)

شہباز شریف نے کہا کہ ان تبدیلیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے آئندہ مقاصد کی پیروی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان تہران و ریاض کے تعلقات کا بڑی گرم جوشی سے خیرمقدم کرتا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اختلافات کے حل کے لئے ایران و سعودی کے درمیان ایک پل کی تعمیر درحقیقت ایک بڑی کامیابی ہے اور پاکستان بڑی خوشی اور امید کے ساتھ اس مثبت تبدیلی کا نظارہ کر رہا ہے۔

انہوں نے ساتھ ہی ماہ رمضان کے دوران فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی انتہاپسندی میں شدت آنے پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ حالیہ مہینوں کے دوران اسرائیلی رجیم کے حملوں اور جارحیت میں اضافہ ہو گیا ہے اور غاصب فورسز نے تمام تر لاپرواہی کے ساتھ سبھی ریڈ لائنز کو پار کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ اس افطار پارٹی کی سائڈ لائن پر ایران اور سعودی عرب کے سفیروں سید محمد حسینی اور نواف سعید المالکی نے مختصر ملاقات بھی کی۔

ٹیگس