اسلام کے ازلی دشمن امریکہ و اسرائیل کے خلاف ریلی پر حملہ، یہود و نصاریٰ کو خوش کرنے کیلئے کیا گیا: علامہ راجا ناصرعباس
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ امریکی خوشنودی کے لیے عوامی مخالفت مول نہ لے۔
سحر نیوز/ پاکستان: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجا ناصرعباس جعفری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں احتجاجی ریلی پر اندھا دھند شیلنگ، فائرنگ اور پولیس گردی کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ مجاہد اسلام شہید حسن نصراللہ کی شہادت، مظلومین غزہ و لبنان کی حمایت اور امریکا و اسرائیل کی جارحیت کے خلاف کراچی میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلی پر اندھا دھند شیلنگ، فائرنگ اور پولیس گردی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے عوامی مخالفت مول نہ لے، ایسے آمرانہ اور اسرائیل و امریکا نواز ہتھکنڈے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے سربراہ سمیت تمام حکام کو ذہن نشین رکھنا ہو گا کہ پرامن احتجاج ملک میں بسنے والے ہر فرد کا آئینی حق ہے، جسے چھینا نہیں جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ و اسرائیل عالم اسلام کے ازلی دشمن ہیں ان کے خلاف نکالی جانے والی ریلی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش یہود و نصاریٰ کو تقویت دینے کے مترادف سمجھی جائے گی۔
واضح رہے کہ احتجاجی ریلی نمائش چورنگی سے نکالی گئی اور جب ریلی امریکی قونصلیٹ کے قریب پہنچی تو پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی، اس دوران پتھراؤ اور شیلنگ سے صحافی سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ ایک موٹر سائیکل بھی نذر آتش کردی گئی۔
اس دوران مظاہرین ایم ٹی خان روڈ پہنچے جہاں نماز مغربین ادا کی گئی اور دھرنا دیا، بعد میں پولیس سے زیر حراست افراد کی رہائی پر کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا جب کہ امریکن قونصلیٹ کے اطراف رینجرز تعینات کردی گئی۔