Nov ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • غزہ منصوبے کو نہیں مانتے، پاکستان نے فلسطین پالیسی سے انحراف کیا: حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم غزہ منصوبے کو نہیں مانتے، پاکستان نے فلسطین پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے عالمی استحکام فورس کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں جماعت اسلامی پاکستان کے 3 روزہ اجتماع عام ’بدل دو نظام‘ میں ملک بھر سے آئے شرکا سے اپنے خطاب میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم ’غزہ منصوبے‘ کو نہیں مانتے، پاکستان نے فلسطین پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے عالمی استحکام فورس کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا، ہم صرف آزاد اور خودمختار فلسطین چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد خارجہ پالیسی ہونی چاہیے، ہم دوستی کریں گے تو عزت و وقار کے ساتھ کریں گے، امریکا کی غلامی اختیار کرکے ہم نے خود کو تباہ کرلیا، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے موجودہ حالات بھی اسی کا نتیجہ ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عام انتخابات کے اعلان تک کسی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے اور یہ کہ شہریوں نے دیکھ لیا ہے کہ کون اپنے مؤقف پر ڈٹا رہتا ہے اور کون اپنے عوامی مینڈیٹ کو بیچ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برسوں سے محنت کش طبقے کو نظر انداز کیا جاتا رہا لیکن آج سندھ ہمت کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ مطالبہ کر رہا ہے جو ہر محنتی پاکستانی کا حق ہے: عزت، احترام اور منصفانہ اجرت۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ تحریک صرف اعداد و شمار کا مسئلہ نہیں، یہ لوگوں، خاندانوں اور ہمارے صوبے کے مستقبل کا معاملہ ہے۔

اجتماع جماعت اسلامی پاکستان

 

انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط کے بغیر تحریکیں ختم ہوجاتی ہیں، قانون سب کے لیے برابر ہوتا ہے، عام انتخابات کے اعلان تک کسی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے، ہم پورے نظام کو چیلنج کرنے کی بات کرتے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ دنیامیں اب ظلم کا نظام ختم ہونا چاہیے، فلسطین میں انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے، دنیا بھر کے مظلوموں کو اکٹھا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok

ٹیگس