Jul ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • یورپ کی طرف سے امریکہ کی اندھی تقلید افسوسناک ہے: روس

روس کے وزیر خارجہ نے امریکا اور یورپ کی جانب سے جنگ میں یوکرین کی ہمہ گیر حمایت کے نتائج کی بابت خبردار کرتے ہوئے، یورپ کی جانب سے امریکا کی اندھی پیروی کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

روس کے وزیر خارجہ نے اپنے ہنگرین ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ یورپ، امریکا کی اندھی پیروی اور اس کے سازشی منصوبے پر عمل کر رہا ہے۔

سرگئی لاؤروف نے روس کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کے بارے میں کہا کہ انہیں بہت افسوس ہے کہ یورپی حکام اسی راستے پر چل رہے ہیں جس کا تعین ان کے لئے امریکا نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے بحران سے کسی کو کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ صرف یہ آرزو کرسکتے ہیں کہ یورپی یونین اپنی مشکلات کو سمجھ اور ان سے نمٹ سکے۔

روسی وزیر خارجہ نے یوکرین جنگ کے تعلق سے امریکا اور یورپ کے رویئے کو غیر تعمیری اور خطرناک بتایا اور اس کے نتائج کی بابت ایک بار پھر انتباہ دیا۔

دوسری طرف برطانوی وزیر دفاع نے یوکرین کے لئے مزید بھاری ہتھیار بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق برطانوی وزیر دفاع بین ولاس نے اعلان کیا ہے کہ ہم اپنے عالمی اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس بات کا اطمینان حاصل کرنا چاہتے ہیں کہ یوکرین کو روس سے جنگ میں اسلحے اور جنگی وسائل کی کمی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ یوکرین کے لئے مزید ایک ہزار چھے سو توپیں اور اینٹی ٹینک اسلحے ارسال کر رہا ہے۔

برطانوی وزیر دفاع نے کہا کہ لندن، یوکرین کے لئے سیکڑوں ڈرون طیارے، میزائلوں کا پتہ لگانے والے ریڈار سسٹم اور پچاس ہزار سے زائد بھاری توپوں کے گولے عنقریب ارسال کرے گا۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے مستعفی وزیر اعظم بورس جانسن نے گزشتہ مہینے روس سے جنگ میں یوکرین کے لئے ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کی مزید امداد کا اعلان کیا تھا.

اُدھر امریکی فضائیہ نے بھی یوکرین کے لئے جنگی طیارے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی فضائیہ کے ایک کمانڈر جنرل چارلز براؤن نے کولراڈو میں ایک سیکورٹی اجلاس میں اس سوال کے جواب میں کہ کیا امریکا یوکرین کو جنگی طیارے دے سکتا ہے؟ کہا کہ بہت سے جنگی طیارے ہیں جنہیں ہم یوکرین کو دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ صرف یہ بتا سکتے ہیں کہ یوکرین کے لئے جو جنگی طیارے بھیجے جائیں گے وہ غیر روسی ہوں گے لیکن یہ نہیں بتا سکتے کہ وہ جنگی طیارے کس نوعیت کے ہوں گے۔

یاد رہے کہ روس نے بارہا خبردار کیا ہے کہ امریکا اور یورپ یوکرین کو اسلحے دے کر جنگ کو طول دے رہے ہیں۔

ٹیگس