Nov ۱۷, ۲۰۲۲ ۲۱:۱۳ Asia/Tehran
  • دنیا کی آبادی 8 ارب! وطن کو ترک کرنے والوں میں پاکستانی اور ہندوستانی پیش پیش

دنیا کی بھیڑ میں ایک فلپائنی بچہ کی شمولیت کے بعد کرۂ ارض کے باشندوں کی آبادی 8 ارب ہوگئی۔

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کی پیش گوئی کے مطابق پندرہ نومبر کو کرۂ ارض کے باشندوں کی تعداد 8 ارب تک پہنچ گئی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق یہ انسانی ترقی میں ایک سنگ میل ہے اور آبادی کے اس غیر معمولی اضافے میں صحت عامہ، تغذیہ، صفائی ستھرائی اورعلاج معالجے میں بہتری کو بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً سنہ 1800 تک دنیا کی آبادی ایک ارب سے بھی کم تھی اور ایک سے دو ارب تک آبادی پہنچنے میں 100 سے زیادہ سال کا عرصہ لگا۔

اطلاعات کے مطابق فلپائن کے شہر ٹونڈو میں 15 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق دو پہر ڈیڑھ بجے ایک بچی نے جنم لیا جس کے بعد روئے زمین پر رہنے والے لوگوں کی تعداد 8 ارب ہوگئی۔ ٹونڈو کے ایک اسپتال میں پیدا ہونے والی بچی کا جشن فلپائن کے آبادی اور ترقی کمیشن نے منایا نیز اس کمیشن نے زچہ بچہ کی تصویریں بھی فیس بک پر پوسٹ کیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ بتاتی ہے کہ ہندوستان آبادی کے لحاظ سے اس وقت دوسرے نمبر پر ہے لیکن اگلے سال چین کو پیچھے چھوڑ کر وہ پہلے نمبر پر آ جائے گا۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں اس سلسلے میں مندرجہ ذیل دلچسپ اعداد و شمار کا ذکر کیا گیا ہے۔

دنیا کی آبادی کو 7 سے 8 ارب تک پہنچنے میں 12 سال کا عرصہ لگا۔ سنہ 2037 تک دنیا کی آبادی 9 ارب تک پہنچ جائے گی جبکہ سنہ 2100 تک روئے زمین پر رہنے والوں کی تعداد 10 ارب اور 40 کروڑ ہوجائے گی۔

سنہ 1950 کے بعد آبادی میں کم ترین رفتار سے اضافہ ہورہا ہے اور سنہ 2020 میں آبادی میں اضافے کی شرح ایک فی صد سے بھی کم رہ گئی تھی۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں ترک وطن کرنے والوں کے بھی اعداد و شمار درج کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سنہ 2010 سے 2021 کے درمیان پوری دنیا میں سب سے زیادہ (ایک کروڑ 65 لاکھ) پاکستانی شہریوں نے اپنا ملک چھوڑ کر دوسرے ممالک کو اپنا مسکن بنایا۔ اس فہرست میں ہندوستان دوسرے نمبر پر رہا جس کے 35 لاکھ شہریوں نے گزشتہ ایک عشرے کے دوران اپنا وطن چھوڑا اور دیگر ممالک میں جا بسے۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر بنگلہ دیش رہا، مذکورہ مدت میں  بنگلہ دیش کے 29 لاکھ شہریوں نے اپنے ملک کو الوداع کہا۔

ٹیگس