Nov ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۶ Asia/Tehran
  • ایشیا میں کم دوری پر مار کرنے والے امریکی میزائلوں کی تعیناتی کے منصوبے پر ہماری نظر ہے: روس

روس نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا میں کم دوری پر مار کرنے والے امریکی میزائلوں کی تعیناتی کے منصوبے پر ہماری پوری نظر ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس کے ایوان صدر کے ترجمان دیمتری پاسکوف نے بحرالکاہل میں امریکی میزائل پروگراموں کے بارے ایک بیان میں کہا ہے کہ صورت حال پر روس کی گہری نظر ہے۔انھوں نے کہا کہ البتہ روس کے لئے اس بات کی اہمیت ہے کہ علاقے میں روس کے سیکورٹی مفادات کے لئے خطرہ بننے والا کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا ہے۔

روس کے ایوان صدر کے ترجمان نے اس سوال کے جواب میں کہ ان میزائلوں کی تعیناتی کا مقصد چین کو کنٹرول کرنا ہے، تاکید کی کہ روس نے کسی بھی ملک کو کنٹرول کئے جانے کی حمایت نہیں کی ہے اور روس ایسے کسی بھی اقدام کو درست نہیں سمجھتا۔

اس سے قبل روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے خبردار کیا تھا کہ ایشیا اور یورپ میں امریکہ کی جانب سے کم دوری پر مار کرنے والے ایٹمی میزائلوں کی تعیناتی کے پیش نظر اس قسم کی میزائلوں کی تعیناتی پر پابندی کو روس عارضی طور پر نظر انداز کر سکتا ہے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کے بقول امریکہ ایٹمی میزائل دفاعی سسٹم کی تعیناتی سے متعلق تیزی سے کام کر رہا ہے اور اس کا یہ اقدام ایشیائی اور یورپی جنگی محاذوں پر ہو رہا ہے۔

اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پوتین نے ماسکو میں نویں پریماکوف اجلاس میں مغرب کو ایشیا اور یوکرین میں بدامنی پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیا۔

روسی صدر ولادیمیر پیوتن نے ماسکو میں نویں پریماکوف اجلاس میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مغربی ممالک جنھیں تسلط پسندی کی عادت ہے، اعلان کیا ہے کہ مغربی ممالک، مغربی ایشیا اور یوکرین میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات عمل میں لا رہے ہیں اور وہ زوال سے دوچار اپنے رسوخ کو بچانے کے لئے اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کر رہے ہیں نیز وہ مسلسل اصرار اور دباؤ ڈال رہے ہیں اور اپنی مرضی کا بین الاقوامی قانونی سسٹم قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ماسکو میں منعقدہ نویں اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے چھبیس ملکوں کے اٹھاون مہمان شریک ہیں جو دنیا کے چند قطبی نظام پر غور کر رہے ہیں۔ ماسکو کے اس دو روزہ اجلاس میں روس کی جانب سے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، صدر روس کے مشیر یوری اوشاکوف اور روس ایٹم کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر الیکسی لیخاچوف شریک ہیں۔

ٹیگس