Dec ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • غزہ میں اسرائیل کی من مانی جاری، اقوام متحدہ پر بھی کاری ضرب لگائی

غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اقوام متحدہ کی انسانی امداد کی رابطہ کار لیانی ہیسٹنگز کا رہائشی ویزہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: کوہن نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ حماس کی مذمت نہ کرنے پر اقوام متحدہ کی اہلکار کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے۔

لین ہیسٹنگز نے پیر کو کہا تھا کہ اگر غزہ پٹی کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائی جاری رہی تو انتہائی خوفناک صورتحال پیدا ہو جائے گی اور انسانی امداد کی مہم اس صورت حال سے نمٹ نہیں سکے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائیوں کے دائرہ کار میں توسیع کی وجہ سے جنوبی غزہ پٹی میں پناہ کے متلاشی ہزاروں افراد ایک چھوٹے سے علاقے میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں جہاں لوگوں کی بڑی تعداد پہلے سے ہی موجود ہے۔

اقوام متحدہ کی اس اہلکار نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں اب کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔

بیت المقدس میں تعینات لینا ہیسٹنگز کو اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان کے ویزے میں توسیع نہیں کی جائے گی جبکہ صہیونی وزیر خارجہ نے اس کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا۔

ہیسٹنگز نے اپنے بیان میں کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ غزہ میں عام لوگوں تک امداد پہنچانے کے لیے جو حالات درکار ہیں وہ دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ بھیجے جانے والے امدادی سامان اور ایندھن کی مقدار ناکافی ہے۔

ٹیگس