امریکہ اور مغرب کی خونی پالیسیوں کا ہوتا خاتمہ، یوکرین نے چین اور برازیل کی پیشکش پر دیا مثبت اشارہ
یوکرین کے وزیر خارجہ نے چینی وفد سے ملاقات میں منصفانہ اور پائدار امن کے حصول کے لئے روس کے ساتھ مذاکرات پر اپنے ملک کی آمادگی کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/دنیا : یوکرین کے وزير خارجہ دیمتری کولبا نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات میں کہا کہ کی ایف و بیجنگ دو اسٹریٹیجک، اقتصادی اور تجارتی اتحادی ہیں۔ کولبا نے کہا کہ یوکرین، چین کے خیالات کو کافی اہمیت دیتا ہے اور یوکرین کے مسئلے کے حل کے لئے چھے شقوں پر مشتمل چین اور برازیل کی تجاویز پر غور کر رہا ہے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ نے روس کے ساتھ مذاکرات کے لئے یوکرین کی آمادگی پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات معقول اور اساسی نیز ایک پائدار و منصفانہ امن کے حصول کے لئے ہونا چاہئے۔
چین کے وزيرخارجہ وانگ نے بھی کہا کہ چین کا خیال ہے کہ تمام مسائل و تنازعات مذاکرات کی میز پر حل ہونے چاہئے۔ انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یوکرین و روس کی جانب سے ملنے والے مثبت اشاروں سے پتہ چلتا ہے کہ وہ مذاکرات پر مائل ہيں کہا کہ اگرچہ ابھی حالات سازگار نہيں ہيں لیکن ہم ان تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہيں جو قیام امن میں مدد کریں۔