میانمار، تھائي لینڈ اور بنگلہ دیش ميں زلزلہ سے بھاری تباہی
جنوب مشرقی ایشیا کے میانمار، تھائي لینڈ اور بنگلہ دیش ملکوں ميں زلزلہ سے بھاری تباہی کی اطلاعات ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: خبری ذرائع کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار کا ساگینگ علاقہ تھا اور زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے میانمار کے مانڈلے میں اراوڈی ندی پر معروف ایوا بریج تباہ ہو گيا ہے۔ تھائی اور بنگلہ دیش کے بھی کئي علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔خبروں کے مطابق زلزلے کے جھٹے اتنے شدید تھے کہ انہيں تھائي لینڈ کے دار الحکومت بینکاک میں بھی محسوس کیا گيا جس کے بعد وہاں میٹرو اور ایئر پورٹ بند کر دیئے گئے ہیں۔

تھائي لینڈ میں زلزلے سے ایک شخص کی موت اور پچاس کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے ۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت سات اعشاریہ سات بتائی گئی ہے۔زلزلے کے بعد میانمار کے دار الحکومت کا مرکزی ہائي وے پوری طرح سے اکھڑ گیا تاہم سب سے زيادہ نقصان مانڈلے شہر کو پہنچا جہاں کئی مندر اور بودھ عبادت گاہیں پوری طرح سے تباہ ہو گئي ہیں۔

بنگلہ دیش میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی کی ہلاکت کی خبر نہيں ہے ۔ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے میانمار اور تھائي لینڈ میں زلزلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے ہر ممکنہ مدد پر آمادگي کا اعلان کیا ہے۔