Oct ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۸ Asia/Tehran
  • غزہ میں  7000 لوگوں کی جان چلی گئی، انسانیت کب بیدار ہوگی؟، پرینکا گاندھی

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں تقریباً 7000 لوگ مارے جاچکے ہیں، انسانیت کب بیدار ہوگی؟

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کی اہم لیڈر اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ "ایکس" پر لکھا ہے کہ "غزہ میں تقریباً 7000 لوگوں کی موت کے بعد بھی خونریزی اور تشدد نہیں رکا، ​​ان 7000 افراد میں سے 3000 معصوم بچے تھے۔" پرینکا گاندھی نے استفسار کیا کہ "انسانیت کب بیدار ہوگی؟"

دہلی سے ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پرینکا گاندھی نے "ایکس" پر آج، جمعہ کو، ہی مذکورہ پوسٹ لکھا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ  "انسانیت کب بیدار ہوگی؟ اتنی جانیں گنوانے کے بعد، اتنے بچوں کی قربانی دینے کے بعد، کیا انسان ہونے کا شعور باقی رہ گیا ہے؟"

واضح رہے کہ گزشتہ 7 اکتوبر کو فلسطینی عوام  پر غاصب اسرائیلی فوج کے مظالم اور بے گناہ اور نہتے افراد کے قتل عام کے خلاف فلسطینی استقامتی محاذ نے "طوفان الاقصیٰ" نامی آپریشن شروع کیا جس میں غاصب اور ناجائز اسرائیلی حکومت کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ اس کے بعد غاصب فوج غزہ پر وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک غاصب اسرائیلی فوج کی جارحیت میں 7 ہزار سے زیادہ مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد، بچوں، عورتوں اور سن رسیدہ افراد کی ہے۔

ٹیگس